وانا (مانند نیوز ) جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر مقام وانا میں واقع پاسپورٹ آفس گزشتہ ایک ہفتے سے بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس صورتحال پر عوامی نیشنل پارٹی تحصیل وانا کے صدر یسین وزیر نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ آفس کی مسلسل بندش کی وجہ سے روزانہ ضلع کے مختلف اور دور دراز علاقوں سے آنے والے شہری مایوس ہو کر واپس جانے پر مجبور ہیں۔ اس دوران نہ صرف ان کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے بلکہ سفری اخراجات اور دیگر مالی نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خصوصاً بیرونِ ملک روزگار، تعلیم، علاج اور دیگر ضروری معاملات کے لیے پاسپورٹ بنوانے یا تجدید کرانے والے افراد شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔یسین وزیر نے مطالبہ کیا کہ پاسپورٹ آفس کی بندش کی وجوہات عوام کے سامنے واضح کی جائیں اور اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔دریں اثناء، عوامی حلقوں نے وفاقی وزارتِ داخلہ، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وانا پاسپورٹ آفس کو بلا تاخیر دوبارہ فعال بنایا جائے، تاکہ پاسپورٹ کے اجرا، تجدید اور دیگر سرکاری خدمات کا سلسلہ بحال ہو سکے اور عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری دفاتر کی طویل بندش عوام کے لیے ناقابلِ قبول ہے، لہٰذا متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اس اہم عوامی مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔