اسلام آباد (مانند نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، اجلاس میں ناراض ارکان نے سخت تقریریں کیں۔
بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر مشاورت کے لیے ہوا پی ٹی آئی خیبر پختونخوا پارلیمانی پارٹی اجلاس بے نظمی کا شکار ہوگیا۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی تقریر کے بعد ناراض دھڑے کے سخت جملوں نے ماحول تلخ کردیا۔
ناراض ارکان کے سخت جملوں پر وزیراعلیٰ ناراض ہوگئے۔ ناراض ارکان، تحفظات دور کرنے کی وزیراعلیٰ کی یقین دہانی کے باوجود اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں رکن اسمبلی فضل الہٰی نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی کےاجلاس میں سب نے شرکت کی، ہم ناراض اراکین نے مطالبہ کیا کہ حلف لینے کیلئے کنونشن کروایا جائے، سینیٹ انتخابات کی طرح بانی کی رہائی تحریک پر بھی سب سے حلف لیا جائے۔
فضل الہٰی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی صرف باتوں سے نہیں عمل سے ہوگی، ہماری باتوں پر ناراض ہوئے۔