پشاور(مانند نیوز) خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس کے تعاون سے د عا ویلفیئر سنیپ آرگنائزیشن اور ہیلپنگ ہینڈ کے زیر اہتمام خصوصی افراد کیلئے ایک خصوصی تفریحی ٹور کا اہتمام کیا گیا، جس میں پشاور،نوشہرہ اورمردان سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین خصوصی افراد نے بھرپور شرکت کی۔اس تفریحی دورے کے دوران خصوصی افراد کو مری اور نتھیا گلی کے خوبصورت اور دلکش سیاحتی مقامات کی سیر کرائی گئی۔ ٹور کا بنیادی مقصد خصوصی افراد کو روزمرہ زندگی کی مصروفیات اور مشکلات سے ہٹ کر تفریح، ذہنی سکون اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا تھا تاکہ وہ بھی معاشرے کے دیگر افراد کی طرح قدرتی حسن سے لطف اندوز ہو سکیں۔دورے میں شریک خصوصی افراد نے مری اور نتھیا گلی کے حسین مناظر، سرسبز پہاڑوں، ٹھنڈے موسم اور قدرتی خوبصورتی سے بھرپور لطف اٹھایا۔ شرکاء نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے منتظمین اور معاون اداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں خصوصی افراد میں خوشی، اعتماد اور معاشرتی شمولیت کے احساس کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔اس موقع پر ٹیم لیڈر احمد سجاد نے خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد بھی معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں تفریحی، ثقافتی، کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں برابر کے مواقع فراہم کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کیلئے مری اور نتھیا گلی کا یہ دورہ ایک مثبت اور خوش آئند اقدام ہے، جس سے شرکاء کو نہ صرف تفریح کا موقع ملا بلکہ ان کے اندر خود اعتمادی اور معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے جذبے کو بھی تقویت ملی۔احمد سجاد نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے تعاون سے خصوصی افراد کیلئے اسی نوعیت کے مزید تفریحی، ثقافتی اور فلاحی پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ انہیں معاشرے کا باعزت، فعال اور مساوی رکن ہونے کا احساس دلایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کیلئے مواقع پیدا کرنا صرف فلاحی اقدام نہیں بلکہ ایک جامع اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، اس لیے تمام متعلقہ اداروں کو اس شعبے میں اپنا کردار مزید مؤثر بنانا چاہیے۔