اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کا خواتین سے متعلق بیان پست سوچ کی عکاسی ہے۔اسلام آباد احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ا نہوں نے کہاکہ جو انسان ریپ کے مجرم کو ذمہ دار قرار دینے کے بجائے مظلوم کو ذمہ دار قرار دیتا ہے، اس قسم کی سوچ سے پاکستان کو آزادی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے متعلق بیان پر وزیراعظم کو شرم آنی چاہیے ا ن کا بیان پست سوچ کی عکاسی ہے، میں اس پر احتجاج ریکارڈ کراتی ہوں، عمران خان کے بیان سے زیادتی کے شکار بچوں کے والدین کو بہت تکلیف پہنچی ہوگی۔ انہوں نے لاہور دھماکے کی مذمت کی دھماکے میں شہید ہونے والوں ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ناک واقعہ ہے سن کر بہت تکلیف ہوئی، اس میں بہت سارے پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں، فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے اہلکار قوم کے بیٹے ہیں جنہوں نے اس مٹی کی حفاظت میں اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔آصف زرداری اور مسلم لیگ (ق)کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں کوئی ایسی بات نہیں۔وزیر اعظم کے کشمیر کے مسئلہ حل ہونے پر پاکستان کے ڈی نیوکلرائزیشن کے حوالے سے بیان پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے سر پر چوری کے ذریعے مسلط کیے گئے حکمران ہیں، انہیں کوئی حق نہیں کہ عوام کی قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والی صلاحیت پر کوئی بات کریں،عمران خان جوہری صلاحیت کے رکھوالے نہیں، اس کے رکھوالے 22 کروڑ عوام ہیں، اس کے لیے پاکستان کی عوام اور سیاسی رہنماؤں نے قربانیاں دیں،عمران خان کو کشمیر کا نام لینا ہی نہیں چاہئے، کشمیر کا سودا آپ کرکے آئے ہیں، پاکستان کا ایٹمی پروگرام اس ملک کی حفاظت کا ضامن ہے، اگر وہ نہ ہوتا تو آج مسئلہ کشمیر کے علاوہ بہت سارے مسائل ایسے کھڑے ہوجاتے جو پاکستان کے لیے ایک ایشو بن سکتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر ایک سلیکٹڈ وزیر اعظم کو بیان دینے کا کوئی حق نہیں۔انہوں نے کہا کہ جب آپ پاکستان کی ترقی میں ایک اینٹ کا اضافہ نہیں کرسکے تو کس نے حق دیا کہ آپ پاکستان کے بڑے بڑے منصوبوں کو گروی رکھیں،آپ کنٹینرز پر بڑے دعوے کرتے تھے تیسرا بجٹ ہی آپ کا چوتھے وزیر خزانہ نے پیش کیا ہے، یہی تھی آپ کی ماہرین کی ٹیم۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ ملک منصوبے لگانے کے لیے قرضے لیتا ہے، قرضوں کے لیے عوام کی امانت کو گروی نہیں رکھا جاتا،حکومت کو چلانے کے لیے انہیں جن جن لوگوں کی ضرورت ہے انہیں وہ بچانے کے لیے وہ پورے کو پاکستان داؤ پر لگاسکتے ہیں مگر ان کو، جو چاہے پیزا بناتا ہو یا رنگ روڈ یا آٹا یا چینی مافیا کو ہو اسے این آر او دینے کے لیے اس کے گھر پہنچ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ یہ اس حکومت سے اللہ جان جلدی چھڑا دے تاکہ لوگ سکھ کا سانس لے سکیں۔نواز شریف کی لندن سے پاکستان واپسی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد آئیں گے، آپ ضمانت دیں کہ انہیں انصاف ملے گا اور ان قاتلوں کے ہاتھوں سے ان کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا، میں شام کی فلائیٹ سے انہیں واپس بلالوں گی۔انہوں نے کہا کہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عثمان کاکڑ کی موت پر اگر سوال اٹھ گئے ہیں تو تحقیقات ہونی چاہئیں، پی ڈی ایم کے مختلف اجلاسوں میں عثمان کاکڑ سے ملاقات ہوئی تو پتہ چلا بہت منجھے ہوئے انسان ہیں، اگر انہیں اس وجہ سے قتل کیا گیا کہ آواز دب جائے گی تو ایسا نہیں ہوگا، ایسے اقدامات سے آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، مزید آوازیں اٹھیں گی۔