سوات (مانند نیوز ڈیسک) ماں کے دودھ کی افادیت کے حوالے سے سیمنیار کا انعقاد۔ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ سوات، یونیسف (Unicef) اور نیوٹریشن سیل خیبر پختونخواہ کے تعاون سے ڈاکٹر محمد سلیم (DHO Swat) ڈی ایچ او سوات کی سربراہی میں گلوبل بریسٹ فیڈنگ (Global Brestfeeding) کے مہینے کے حوالے سے کامیاب سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔اس سیمینار میں ماں کے دودھ کی افادیت کے بارے میں موجود شرکاء کو آگاہی دی گئی۔ سیمینار میں یونیسف کے ڈسٹرکٹ نیوٹریشن منیجر ڈاکٹر سید حسیب، فوکل پرسن نیوٹریشن / کوارڈینیٹر ڈاکٹر فضل عارف اور ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے دیگر افسران نے ماں کے دودھ کی افادیت کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماں کا دودھ بچے کیلئے بہترین اور مکمل غذا ہے۔ ماں کے دودھ کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ ڈی ایچ او سوات ڈاکٹر محمد سلیم نے شرکاء سیمینار کو ہدایت دی کہ پیدائش کے ایک گھنٹے کے اندر بچے کو دودھ پلائیں اور کسی قسم کی گھٹی بچے کو نہ دیں کیونکہ یہ ماں کے دودھ کو کم کرے گی اور بچے کے بیمار ہونے کا خطرہ زیادہ ہو گا۔ ماں کا دودھ بچے کا پیٹ صاف کرتا ہے اور بیماریوں کے خلاف بچے کی مدافعت بڑھاتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم لوگوں کو آگاہ کریں کہ 6 ماہ تک بچے کو صرف ماں کا دودھ پلایا جائے۔ اس دوران بچے کو ضروری دوائی کے علاوہ کچھ نہ دیا جائے۔ بچے کو بار بار دودھ پلائیں دن اور رات میں کم از کم آٹھ مرتبہ مائیں دودھ پلائیں۔ سیمینار کا اختتام دعا اور اس عزم کے اظہار کے ساتھ کیا گیا کہ ہم ماں کے دودھ کی افادیت کے بارے میں اپنی اپنی کمیونٹی اور سرکل میں آگاہی مہم چلائیں گے۔