کرپشن، فحاشی و عریانی مزید برداشت نہیں کرسکتے، نوجوانوں کو سیرت النبی ﷺ کے پیغام سے جوڑنا چاہتے ہیں ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا نیشنل محسن انسانیت کوئز تقریب سے خطاب

پشاور18ستمبر

ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ”حقوق طلبہ تحریک“ کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت طلبہ یونین کی بحالی اور طلبہ کے تعلیمی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کی جائے گی۔  انہوں نے کہا کہ ملک میں مزید کرپشن، فحاشی و عریانی اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن برداشت نہیں کرسکتے، نوجوان بیدار ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ”نیشنل محسنِ انسانیت کوئز کمپٹیشن“ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔”نیشنل محسنِ انسانیت کوئز کمپٹیشن“ مارگلہ کرکٹ گراؤنڈ، جی-9، اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ ابوزر غفاری، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل حسن امین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے ناظمِ پنجاب شمالی احمد عبداللہ اور ناظم اسلام آباد حاشر عباسی نے بھی خطاب کیا۔ صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے فیصلہ کیا ہے کہ طلبہ و طالبات، بالخصوص نوجوانوں میں ان کے حقوق سے متعلق آگاہی پیدا کی جائے، اور اس مقصد کے لیے ملک کے طول و عرض میں جدوجہد جاری ہے۔ نوجوانوں کو سیرتِ النبی ﷺ کے پیغام سے روشناس کرائیں گے۔ سیرتِ النبی ﷺ کو سمجھنے اور اس کے پیغام کو عام کرنے کے لیے گزشتہ دو ماہ سے جامعات میں مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت کوئز محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ اس تحریک کا تسلسل ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو نبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ سے روشناس کرانا اور آپ ﷺ کی تعلیمات کے مطابق نظامِ زندگی کی تشکیل کے لیے جدوجہد کرنا ہے۔ ناظمِ اعلیٰ نے کہا کہ جمعیت کا قیام کسی مسلک، لسانیت یا شخصیت پرستی کی بنیاد پر نہیں ہوا بلکہ نوجوانوں کو اسلام کے پیغام سے جوڑنے اور ان کی تربیت کے لیے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ایک ایسے معاشرے اور انسانی زندگی کی تشکیل چاہتی ہے جس میں اسلامی اقدار اور تعلیمات کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔ اسلامی جمعیت طلبہ ایک نظریاتی تحریک ہے جو نوجوانوں کو نظریہ اسلام اور نظریہ پاکستان سے روشناس کرانے کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ بحیثیت مسلمان نظریہ پاکستان سے وابستگی اور اس کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم پاکستان میں نظامِ مصطفیٰ ﷺ کے قیام کے خواہاں ہیں اور اس مقصد کے لیے نوجوانوں کی فکری و نظریاتی تربیت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے