سوات (مانند میڈیا)ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیر صدارت انسدادپولیو مہم کے تیسرے روز کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا،دونوں اضلاع میں مہم کی مجموعی صورتحال، ٹیموں کی فیلڈ کارکردگی، بچوں تک رسائی اور سکیورٹی انتظامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بر سوات، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) بر سوات اور دونوں اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سوات، این سٹاپ آفیسر سوات، ای پی آئی کوآرڈینیٹر، پی آئی ای کوآرڈینیٹر، محکمہ تعلیم، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندے بھی اجلاس میں موجود تھے۔این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر انور جمال نے مہم کے تیسرے روز کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں مقررہ اہداف کے مقابلے میں پیش رفت، گھر گھر ٹیموں کی رسائی، قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں کی نشاندہی، انکاری والدین سے رابطے اور فیلڈ میں درپیش مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ڈپٹی کمشنر سوات نے ہدایت کی کہ مہم کے آخری روز کی سرگرمیوں کو موثر انداز میں مکمل کیا جائے اور ہر علاقے میں رہ جانے والے بچوں کی نشاندہی کرکے ان تک دوبارہ رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ افسران کو کم کوریج والے علاقوں اور دور افتادہ آبادیوں میں ٹیموں کی موجودگی اور کام کی براہ راست نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ ٹیموں کو درپیش مسائل فوری حل کیے جائیں، والدین کو آگاہی اور رابطے کے ذریعے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے پر آمادہ کیا جائے اور روزانہ کی کارکردگی کا درست ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ متعلقہ افسران ٹیموں کی حاضری اور کارکردگی کی جانچ کے ساتھ بروقت رپورٹنگ بھی یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر سوات نے پولیس، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ برقرار رکھنے اور پولیو ٹیموں کو ضروری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی، تاکہ مہم کے مقررہ اہداف مکمل ہوں اور کوئی اہل بچہ حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے