اسلام آباد، (مانند میڈیا)ا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے امیر جمعیت علمائے اسلام و رکن قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے مولانا فضل الرحمان کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی آمد اور عمرہ کی سعادت پر مبارکباد اور نیک خواہشات کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مولانا فضل الرحمان کو اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ان کے دیرینہ اور قریبی تعلقات ہیں، جو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ان کے بھائی ہیں اور ان کے درمیان باہمی احترام، خلوص اور بھائی چارے کا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطہ اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ جب نیت درست اور مقصد پاکستان کی بہتری ہو تو اللہ تعالیٰ راستے پیدا فرماتے ہیں۔ گزشتہ دو تین برسوں کے دوران بھی اللہ تعالیٰ نے پاکستان کے لیے بہتری کے راستے پیدا فرمائے ہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی ملک کی بہتری اور استحکام کے لیے راستے ہموار ہوں گے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ارکان کے ساتھ بھی ان کی بات چیت اور مشاورت ہوتی رہتی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کے لیے وہی فیصلہ فرمائے جو ملک اور قوم کے بہترین مفاد میں ہوں۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے تھے، ڈیڈ لاک پی ٹی آئی اور ان کے اتحادیوں کے درمیان ہوا جو بدقسمتی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے بعد حکومت کی اپوزیشن سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کے 2 ارکان بھی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے، جن میں رانا ثنااللہ اور طارق فضل چوہدری شامل ہیں۔