ایبٹ آباد (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد طارق سلام مروت نے کہا ہے کہ صحت کے محکمے کی بہتری اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔تمام آر ایچ سی، بی ایچ یوز، ڈی ایچ کیوزمیں عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے۔انتظامیہ کے افسران، ایریا مجسٹریٹس، آئی ایم یو کے ہمراہ بنیادی مرکز صحت کی مانیٹرنگ اور غیر حاضر ڈاکٹرز و سٹاف کے خلاف کاروائی یقینی بنائیں۔آر ایچ سی نتھیا گلی میں سٹاف کی فراہمی کو بہتر بناتے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔صحت کے شعبے کی بہتری اور لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اور اس کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ایبٹ آبادطارق سلام مروت نے ڈسٹرکٹ سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدا رت کر تے ہو ئے کیا۔اجلاس میں محکمہ صحت کی کارکردگی کے جائزے کے حوالے سے منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر سید صہیب شاہ کی جانب سے محکمہ صحت کی کارکردگی کے حوا لے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور گزشتہ اجلاس میں لیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے بریف کیا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے بنیادی مرکز صحت سٹاف کی مکمل تعیناتی کے حوالے سیہدایات جاری کیں۔ اس کے علاوہ تمام بنیادی مرکز صحت اور آر ایچ سی میں تمام سیٹوں پر سٹاف کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ادویات کی فراہمی پر زور دیا تا کہ سردی، برف باری کے دوران ہمہ وقت شہریوں اور گلیات آنے والے سیاحوں کو صحت کی سہولیات میسر ہوں۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ڈی ایچ کیو، بنیادی مرکز صحت، آر ایچ سی میں سٹاف کو مکمل کرنے، جنرل ڈیوٹیوں کے خاتمے اور شہریوں کو سہولیات اور بہترین میڈیکل سروسز کی فراہمی کے لیے اقدامات پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ محکمہ صحت کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے مریضوں کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں۔ آئی سی یو، ڈی ایچ کیو کی بہتری، لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام کو موثر بنانے، تمام مراکز پر ادویات کی فراہمی، میڈیکل آفیسرز کی موجودگی، غیر حاضر سٹاف کے خلاف کاروائی، آلات کی دستیابی، بجلی کی ہمہ وقت فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے ہدایت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفائنانس اینڈ پلاننگ ایبٹ آباد عباس خان آفریدی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیصل خانزادہ، ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر سید صہیب شاہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد اقبال، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر اسرار، کوآرڈینیٹرز ڈاکٹراشفاق، ڈاکٹر یاسر، نمائندہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس ایبٹ آباد، نمائندہ پاپولیشن آفس ایبٹ آباد اوردیگر افسران نے شرکت کی۔