سوات(مانند نیوز)تیز رفتار ڈائنا ڈمپر نے معصوم بچی کی جان لے لی۔ڈرائیور فرار۔بچی سکول سے واپسی پر گھر جارہی تھی۔ماں باپ کے ہاں لمبے عرصہ بعد پھول جیسی بچی جی پائی تھی۔ کئی بچے ولادت کے فوراً بعد فوت ہوئے تھے۔ پورے گاؤں میں غم اور افسوس کی فضا قائم۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔مقامی ذرائع کے مطابق تحصیل کبل کے گاؤں منجہ میں گزشتہ روز 7,8سالہ معصوم ننھی مناہل ولد محمد رشید راستہ میں تیز رفتار ڈائناڈمپر کی زد میں آگئی۔ڈائنا ڈمپر معصوم بچی پر چڑھ دوڑا جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئی۔ ڈرائیور موقع کا فائدہ اٹھاکر فرار ہوگیا۔بچوں کی چیخ و پکار پرمعصوم بچی کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچایاگیا لیکن وہاں پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔ پولیس نے نامعلوم ڈائنا ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ مقامی افراد نے کہا کہ محمد رشید کے ہاں کئی بچوں کی ولادت ہوئی لیکن نامعلوم وجوہات کی بناء پر وہ چند دن ہی زندہ رہ پائے۔اس کا ایک بیٹا ہے جو کہ معذور ہے اور یہ بچی صحت کے لحاظ سے اچھی تھی جوکہ ڈائنا ڈرائیور کی تیزرفتاری کی نظر ہوگئی۔ معصوم ننھی مناہل کی ناگہانی موت ان کے گھر پر ایک قیامت بن کر ٹوٹ پڑی، جبکہ پورا گاؤں اس بچی کی موت پر غم میں ڈوب گیاہے۔مقامی افراد نے حکام بالا سے درخواست کی کہ ڈائنا ڈرائیور کو فوراً گرفتار کرکے نشان عبرت بنادے جبکہ دیگر ڈرائیورز کو بھی لگام ڈالی جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔