کوہاٹ (مانند نیوز)پختونخوا ریڈیو کوہاٹ نے عوام کی آواز حکومت کے اداروں تک موثر طور پر پہنچانے کیلئے عوامی پروگرام ”د اولس آواز” شروع کیا ہے جس میں مفاد عامہ کے اداروں کے افسران براہ راست عوام کے مسائل سنتے ہیں اور ان کے حل کیلئے اقدامات بھی اٹھاتے ہیں۔اب تک مفاد عامہ کے کئی پروگرام نشر کئے جاچکے ہیں اس سلسلے میں عوامی پذیرائی حوصلہ افزا ء ہے۔کوہاٹ میں دوسرے مسائل کے ساتھ ساتھ ٹریفک کا مسئلہ بھی انتہائی گمبھیر صورتحال اختیار کر چکا ہے اس اہم ترین مسئلہ کے حل کے سلسلے میں ”د اولس آواز“میں ٹریفک وارڈن انچارج فہیم اللہ بنگش اور ایڈیشنل انچارج عرب خان یوسفزئی نے شرکت کی۔ان کا کہنا تھا کہ بلا تعطل ٹریفک کی روانی ان کی ترجیح ہے تاہم کوہاٹ میں ٹریفک کے مسائل کی بڑی وجہ 100 سال قبل تعمیر ہونے والے تنگ روڈز اور روز بروز بڑھتی ہوئی آبادی ہیں جن کی فوری کشادگی وقت کا تقاضا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک کا سب سے بڑا مسئلہ شہداء چوک تا پی اے ایف چوک ہے۔کیونکہ یہ علاقہ بڑی راہداری کے علاوہ بزنس حب بھی ہے لیکن اب یہ مسئلہ حل ہونے کے قریب ہے عنقریب اس سیکشن کی کشادگی پر عملی کام شروع ہونے والی ہے جس سے آئندہ 20 سال تک ٹریفک کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو جائے گا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹریفک کا مسئلہ عوام خصوصاً والدین کے تعاون کے بغیر حل نہیں ہو سکتا لہٰذا والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے کمسن بچوں کو ہر گز گاڑی یا موٹر سائیکل نہ دیں۔جانی نقصانات سے بچنے کیلئے ڈرائیور حضرات سیٹ بلٹ کا باقاعدہ استعمال کریں۔اسی طرح اوور سپیڈنگ اور غلط پارکنگ سے گریز کریں۔مو ٹر سائیکل والے ہیلمٹ کا استعمال کریں۔انہوں نے وضاحت کی کہ ٹریفک چالان کا مقصد ریونیو میں اضافہ ہرگز نہیں بلکہ ڈرائیورز کا اصلاح ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ والدین کے تعاون سے کوہاٹ میں کمسن بچوں کی ڈرائیو نگ اور ون ویلنگ پر 90 فیصد قابو پالیا گیا ہے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مشکل حالات کے تناظر میں ٹریفک چالان میں انتہائی کمی کی گئی ہے۔ہمارے ٹریفک وارڈنز کا موٹو ہے ”پہلے سلام پھر کلام“اور ہم اسی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔