ہزارہ (مانند نیوز)کمشنر ہزارہ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے آج مانسہرہ کا ایک روزہ دورہ کیا۔ دورہ کے موقع پرڈپٹی کمشنر مانسہر ہ کپٹن ریٹائرڈبلال شاہد راء، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور ضلع تمام کے انتظامی افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سرکٹ ہاؤس میں سلامی پیش کی۔ سلامی کے بعد کمشنر ہزارہ نے سکٹ ہا ؤ س میں پودا لگایا۔ بعد ازاں کمشنر ہزارہ کو ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے ضلع کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر ہزارہ شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہا نتظامی افسران عوام کے خادم ہیں اس لئے وہ سب خود کو عوامی خدمت کیلئے فعال بنائیں عوام کی نظریں اور امیدیں ہمیشہ انتظامی افسران کی طرف ہوتی ہیں ہم نے ہر شعبہ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے ضلعی انتظامیہ کے افسران سرکاری مشینری کا حصہ ہوتے ہیں اگر ہم عوام کو انصاف نہیں دے سکتے تو ہمارا کوئی حق نہیں ہے کہ اس کرسی پر بیٹھیں۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اپنے دفتروں سے باہر نکل کر عوام کے مسائل سنے قانون کے مطابق اپنا اختیار استعمال کرکے عوامی مسائل حل کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے کیونکہ ہم عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں سے ہی تنخواہ لیتے ہیں۔اس موقع پر ضلع کے تمام انتظامی افسران موجود تھے۔اپنے دورے کے دوران کمشنر ہزارہ نے بیڈمنٹن ہال مانسہرہ کا افتتاح کیا اور رسکیو 1122 کے سٹیشن دفتر کا معائنہ کیا جہاں پر کمشنر ہزارہ کو بریفنگ دی گئی۔