کرک (مانند نیوز )کونسل فار اکیڈمک ری سرچ اینڈ ڈائلاگ، شعبہ انگریزی، خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے زیر اہتمام خوشحال بابا سیمینار سیریز کے سلسلے میں مادری زبانوں کے عالمی دن کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں پشتو زبان و ادب کے نامور محقق اور ادیب سید الامین احسن خویشکی نے "تقسیم ہند کے بعد پشتو افسانہ” کے موضوع پر سیر حاصل بحث کی۔ سید الامین احسن نے سیمینار کے شرکاء جن میں اکثریت طلباء اور اساتذہ کی تھی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتو ادب میں جہاں شاعری اور ڈرامے کی اہمیت ہے وہاں افسانے کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نےپشتو افسانے کا تاریخی پس منظر بیان کرتے ہوے اس کے ارتقاءی پہلووں کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پشتو افسانہ نگاروں نے پشتون معاشرے کے تہذیبی، نفسیاتی، سماجی، سیاسی، صنفی پہلووں کو اجاگر کرتے ہوے افسانے کی صنف میں نت نئے تجربات کرتے ہوے عصری مسائل کو افسانے کا موضوع بنایا ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ انگریزی اور اردو ادب کے ساتھ ساتھ پشتو ادب اور خصوصاً افسانے کا مطالعہ کریں۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کہ پشتو افسانے میں جدید خیالات، فلسفے اور سیمبولزم کا ایک بہترین امتزاج موجود ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سربراہ شعبہ انگریزی، ڈاکٹر سید حنیف رسول کاکاخیل نے کہا کہ پشتو زبان اور پشتو میں لکھا گیا افسانہ عالمی ادب کا ایک اثاثہ ہے اور انگریزی ادب کے طلباء کے لئیے تراجم اور تحقیق کے بے شمار باب کھلے ہیں۔ اسی طرح دیگر زبانوں کے افسانے کا پشتو افسانے سے تقابلی مطالعہ کا ایک وسیع میدان انگریزی ادب اور عالمی ادب کے نوجوان محقیقین کے مشق تحقیق کے لیے پڑا ہے۔ سیمینار میں یونیورسٹی کے دیگر شعبوں خصوصا میڈیا اور کمیو نیکیشن سٹڈی کے طلباء اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔