کرک(مانند نیوز) خوشحال خان خٹک یونیورسٹی، کرک کا 24 واں اکیڈمک کونسل اجلاس منگل کے روز یو نیورسٹی میں منعقد ہوا۔ جس میں یونیورسٹی کے تدریسی امور پر سنڈیکیٹ کے لیے سفارشات تیار کی گئیں۔
یونیورسٹی کی پریس ریلیز کے مطابق وائس چانسلر خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں رجسٹرار خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک محمد رشاد خٹک، کنٹرولر امتحانات خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک ڈاکٹر محمد زبیر، ڈپٹی رجسٹرار اکیڈمکس محمد رحیم، ایچ او ڈی کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز ڈاکٹر محمد انور، ایچ او ڈی زولوجی ڈاکٹر عبدالعزیز، لیکچررز جیالوجی ڈیپارٹمنٹ افراسیاب اور فخر الاسلام، ڈائریکٹر کیو ای سی محمد شاہ دین، پرنسپل جی پی جی سی کرک محمد اجمل خان اور پرنسپل چوکارہ جوائنٹ کالج برائے بی ایس چوکارہ مس نازیہ حسن نے بھی شرکت کی۔
وائس چانسلر خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے اکیڈمک کونسل کی نئی ممبر مس نازیہ حسن کو کونسل کی رکنیت پر مبارکباد دی۔
اکیڈمک کونسل نے یونیورسٹی کی طرف سے لیے جانے والے الحاق شدہ کالجوں کے فائنل سمسٹر کے امتحانات کے معاملات کو نمٹایا۔ اکیڈمک کونسل نے سنڈیکیٹ کی منظوری کے لیے کیمسٹری، مینجمنٹ سائنسز، سائیکالوجی، ریاضی اور زولوجی کے شعبوں کے بورڈ آف اسٹڈیز کے اجلاسوں کے بارے میں اپنی سفارشات کو حتمی شکل دی۔
اکیڈمک کونسل نے الحاق شدہ کالجوں کے پرنسپلز میں سے ایک ممبر کو یونیورسٹی سنڈیکیٹ کے ممبر کے طور پر نامزد کیا۔
وائس چانسلر خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے کہا ہے کہ ہم سب کو یونیورسٹی کے تعلیمی امور میں بہتری لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کے امور میں تعاون پر اکیڈمک کونسل ممبران کے کردار کو سراہا۔