مالاکنڈ (مانند نیوز) صوبائی حکومت کی ہدایات پر ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرین کے لئے عطیات اور امداد جمع کرنے کے حوالے سے ایک اجلاس زیر صدارت محمد علی خان ڈپٹی کمشنر اپر چترال منعقد ہوا۔ اس میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر مستوج شاہ عدنان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکہو/تورکہوربنواز خان، لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اور تاجر برادری بونی سے صدر اور ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء نے آغاز میں قدرتی افت کے نتیجے میں فوت ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ ڈپٹی کمشنر نے جملہ اراکین سے شام اور ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے حسب استطاعت امداد کی اپیل کی۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر کے دفتر میں امدادی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مخیر حضرات اپنے اپنے عطیات/امداد اس کیمپ میں جمع کرسکتے ہیں۔