اورکزئی (مانند نیوز) ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ ڈویژن دار علی خٹک کا ضلع اورکزئی کا دورہ۔ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ ڈویژن دار علی خٹک نے ضلع اورکزئی کا دورہ کیا اورکزئی پہنچنے پر ڈی پی او اورکزئی نذیر خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی اور یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ریجنل پولیس آفیسر دار علی خٹک نے کلایہ جرگہ ہال میں علاقائی مشران پر مشتمل ایک خصوصی جرگے میں بھی شرکت کی۔جرگے میں ضلع بھر کے علاقائی مشران صاحبان کثیر تعداد میں موجود تھے۔جرگے میں پشاور پولیس لائن مسجد بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی روح ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔مشران نے ضلع اورکزئی آمد پر ڈی آئی جی کوہاٹ کو خوش آمدید کہا اور انہیں ضلع اورکزئی میں مضبوط پولیسنگ کے حوالہ سے اپنے خیالات سے روشناس کرایا گیا۔ اس موقع پر آر پی او کوہاٹ دار علی خٹک نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے سے منشیات فروشوں، سود خوروں ہوائی فائرنگ ، اسلحہ کی نمائش اور دیگر سماجی برائیوں میں ملوث عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور اس کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے گی۔
انہوں نے موقع پر مشران کے بعض جائز مطالبات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی اور باقی مشکلات و مسائل کو حل کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی یقین دھانی کرائی۔جس کے بعد ریجنل پولیس آفیسر دار علی خٹک نے کلایہ جرگہ ہال میں پولیس دربار سے خطاب بھی کیا منعقدہ دربار میں ضلعی پولیس کی ہر رینک کے افسران و اہلکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ڈی آئی جی کوہاٹ نے منعقدہ دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ایک منظم فورس ہے جسمیں قوائد و ضوابط کے خلاف کوئی بھی عمل قابل قبول نہیں اور نہ ہی پولیس فورس میں غفلت و کوتاہی کی کوئی گنجائش موجود ہے فورس کے جوانوں کی فلاح و بہبود اور مراعات کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانا ہماری سب سے اولین ترجیح ہے انہوں نے دربار کے شرکاء کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہلکاروں عوامی خدمت اور تحفظ عامہ کے جذبے سے سر شار ہو کر اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے سر انجام دیں۔
ضلع اورکزئی سے ہر قسم کے جرائم کا خاتمہ وقت کا تقاضا ہے انہوں نے جوانوں کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشان،سود خوروں، ہوائی فائرنگ، مجرمان اشتہاری، دہشت گردی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لاکر کھڑا کیا جائے فورس میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں ہے لہٰذا تمام پولیس اہلکار ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر ادا کریں اور تھانے میں آنے والے سائلین کے ساتھ نہایت عمدہ طریقے سے پیش آئیں اور انکی داد رسی کریں۔ اور ڈیوٹی کے دوران عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ انہوں نے دربار کے شرکاء کے مسائل سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے بعض مسائل کو موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔نیز ریجنل پولیس آفیسر دار علی خٹک نے دورے کے موقع پر لوئر اورکزئی کلایہ تھانہ، اپر اورکزئی غلجو تھانہ ، ڈبوری تھانہ، جبکہ زیر تعمیر نئے تھانوں کا معائنہ بھی کیا۔بعد ازاں ڈی آئی جی دار علی خٹک نے ضلع خیبر اور ضلع اورکزئی بارڈر ( ارحانگہ) کا بھی دورہ کیا وہاں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کرکے سیکیورٹی انتظامات اور دیگر مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔