اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں پر فیصلے تک قومی اسمبلی کا اجلاس غیر قانونی ہو گا، امید ہے الیکشن کمیشن عوام کی امنگوں کے مطابق اپنا فیصلہ سنائے گا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ عوام نے اپنا فیصلہ 8 فروری کو سنا دیا، الیکشن کمیشن بھی عوام کی امنگوں پر اپنا فیصلہ سنائے، الیکشن کمیشن نے آج تک ہمارے آئینی و قانونی حقوق کا تحفظ نہیں کیا۔ ریزرو سیٹوں کا فیصلہ ہونے تک کوئی اسمبلی سیشن نہیں ہو سکتا، امید کرتے ہیں الیکشن کمیشن کا فیصلہ انصاف پر مبنی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب اسمبلی کے بھی سیشن غیر قانونی ہوئے، الیکشن کمیشن ان معاملات کا نوٹس لے، سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں پر اور کسی کا حق نہیں۔بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہمارے 86 ایم این ایز نے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا ہے، سنی اتحاد کونسل کی طرف سے الیکشن کمیشن کو 4 درخواستیں گئیں، مجھے امید ہے آج(بدھ کو) فیصلہ ہو جائے گا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کے پی میں 90 اور بلوچستان میں 7 ایم پی اے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے، پنجاب میں 107 ایم پی اے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے۔اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہم امید ہے کرتے ہیں الیکشن کمیشن اس بار حقائق، آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنارسی ٹھگ اپنا حصہ لینے آئے تھے، یہ سمجھتے ہیں پاکستان میں ان کا حصہ وراثتی طور پر موجود ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ انسان میں کچھ شرم ہوتی ہے کچھ حیا ہوتی ہے، ایک مینڈیٹ چور کو پنجاب میں راتوں رات وزیراعلیٰ منتخب کیا گیا، اب وفاق میں بھی یہی کوشش ہو رہی ہے۔