ایبٹ آباد (مانند نیوز)خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور بس ریپڈ ٹرانسپورٹ کو سیاحت کے فروغ کیلئے بھی بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کو ٹاسک تفویض کیا جا رہا ہے جبکہ ایبٹ آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور بڑے شہروں میں بھی بی آر ٹی سروس کو توسیع دیکر نئے اضافوں کے ساتھ یہ جدید اربن ٹرانسپورٹ سسٹم شروع کرنے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کیلئے درکار بھاری بھرکم وسائل کا بندوبست سپانسرز کے ذریعے کیا جائے گا تاکہ خزانے اور عوام پر اس کا بوجھ پڑے اور نہ کوئی ٹیکس لگانا پڑے۔ اس امر کا انکشاف وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے پشاور میں بی آر ٹی ڈائیوو کے مینجر تعلقات عامہ فہد چیمہ سے ایک ملاقات میں کیا۔ زاہد چن زیب کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی پاکستان تحریک انصاف کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جسے مختصر وقت میں زبردست عوامی پذیرائی ملی ہے اور عوامی سہولت کے علاؤہ یہ ایک مستحکم و منافع بخش ادارہ بن چُکا ہے۔ اس جدید ٹرانسپورٹ کو نہ صرف مقامی شہریوں نے پسند کیا ہے بلکہ بہترین معیار کی بدولت عالمی سطح پر بھی ایسے وقت میں ایوارڈ جیتے جب نگران کے نام پر یہاں ہماری کٹر مخالف حکومتیں مسلط کی گئی تھیں۔ ان نام نہاد نگرانوں نے پی ٹی آئی لیڈرشپ کو دبانے کے ساتھ ساتھ بی آر ٹی کی اپنی ہی آمدن کے فنڈز روکنے سمیت اس بہترین پبلک ٹرانسپورٹ سروس کو بھی ناکام بنانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا تھا مگر عوامی نفرت سمیٹنے کے سوا انکی کوئی بھی مراد پوری نہ ہو سکی۔ مشیر سیاحت نے کہا کہ ان نگرانوں کو شاید یہ غلط فہمی تھی کہ وہ بی آر ٹی کو بھی ماضی میں گورنمنٹ ٹرانسپورٹ سروس (جی ٹی ایس) کی طرح ناکام بنا کر انکے اثاثوں کی بندر بانٹ میں کامیاب ہو جائیں گے۔ زاہد چن زیب نے مسلسل دوسری بار عالمی ایوارڈ جیتنے پر جملہ بی آر ٹی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ پی ٹی آئی حکومت انکی مناسب سطح پر حوصلہ افزائی جاری رکھے گی اور پہلے مرحلے میں بی آر ٹی بسوں اور سٹیشنوں پر الیکٹرانک ڈسپلے کے ذریعے ٹورازم اتھارٹی کی دلکش اشتہاری مہم چلائی جائے گی جن میں اس تاریخی شہر کے تہذیب و ثقافت اور آثارقدیمہ و نوادرات پر دستاویزات اور فلموں کے علاؤہ پورے صوبہ کے سیاحتی مقامات کی عکاسی ہوگی اور یقیناً مسافروں کیلئے بھی دلچسپی کا باعث بنے گی۔ فہد چیمہ نے اس طرح کی اشتہاری مہم ملک بھر کے ڈائیوو اڈوں پر بھی چلانے کی پیشکش کی جہاں روزانہ لاکھوں مسافروں کی آمد و رفت ہوتی ہے۔ مشیر سیاحت نے اس پیشکش کا خیرمقدم کیا اور اس ضمن میں مناسب انتظامات کا بھی عندیہ دیا۔