اپر چترال (مانند نیوز )اپر چترال میں محکمہ صحت سے متعلق مختلف ایشوز، مون سون کے نتیجے میں پیش آنے والے واقعات کی روک تھام اور بازار چیکنگ کو یقینی بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس زیر صدارت ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عرفان الدین منعقد ہوئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر اپر چترال، روینیو آفسران اور دوسرے متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ ہیلتھ کو درپیش مختلف مسائل کے حل، مون سون کے سبب واقع ہونے والے صورتحال اور بازاروں سمیت کرایہ ناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسر کو یقین دلایا کہ ہیلتھ سے متعلق جملہ مسائل کے حل کے لئے ہیلتھ کے اعلیٰ حکام سے بات کرینگے اور ان مسائل پر قابو پانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس میں کاروباری مقامات میں کاروباری حضرات کی جانب سے بے جا منافع خوری پر قابو پانے، نرخناموں اور کرایہ ناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے پرائس مجسٹریٹس کو سخت ترین ہدایات جار کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر پرائس چیکنگ کو یقینی بنائیں اور منافع خوروں کے خلاف سخت سے سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لائیں تاکہ قانون شکن عناصر قانون کی گرفت سے نہ بچ سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے مون سون کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات سے بروقت نبرد ازما ہونے کے حوالے سے جملہ شراکاء کو اگاہ کیا۔