کوہاٹ (مانند نیوز) ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن کمیٹی کوہاٹ کا دوسرا اجلاس جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چائلڈ پروٹیکشن آفیسر عظیم عباس،سائیکالوجسٹ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کوہاٹ مصطفی، ضلعی سوشل ویلفیئر آفیسر امجد آفریدی، کوہاٹ یونیورسٹی کے شعبہ سوشل ورک کے چیئرمین ڈاکٹر مامون خٹک، لیبر آفیسر قدرت اللہ، ضلعی خطیب شفیع اللہ اور سماجی کارکنان ایثار علی اور سلیم الطاف سمیت دیگر کمیٹی اراکین نے شرکت کی۔چائلڈ پروٹیکشن آفیسر عظیم عباس نے اجلاس کو ضلع کوہاٹ میں چائلڈ پروٹیکشن سسٹم کا جائزہ پیش کیا اور چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اب تک 297 کیسز رجسٹرڈ کرچکے ہیں جن میں سے 245 کیسز کو حل کر دیا گیا ہے۔اجلاس کے دوران اراکین نے بچوں سے متعلق مختلف مسائل پر کھلی گفتگو کی اور ان مسائل کے حل کیلئے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ اس کے علاوہ چھ کمیونٹی بیسڈ چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیاں بھی تشکیل دی جا چکی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عبدالاکرم نے کہا کہ آگاہی سیشنز یونین کونسل کی سطح پر منعقد کیے جائیں جن میں کمیونٹی ہیلتھ ورکرز، سکولز اور مذہبی رہنماؤں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیشنزسکولز، حجروں اور مساجد میں منعقد کیے جائیں تاکہ بچوں کے تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے۔ مزید برآں یہ فیصلہ کیا گیا کہ افغان پناہ گزین بچوں کے تحفظ کیلئے ایک علیحدہ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی جو ان کی فلاح و بہبود کے حوالے سے کام کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے بچوں کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کے تحفظ کیلئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھنے اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون پر زور دیا۔