ملاکنڈ (مانند نیوز)وزیراعلی عوامی ایجنڈا پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر/ کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز حامدالرحمٰن نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے تمام شعبوں اور وارڈز کا معائنہ کیا اورہسپتال کی صفائی و بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا اورمریضوں کوعلاج معالجے کی فراہمی بارے دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے ہر شعبے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور مریضوں کو بہتر علاج و سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ اسکے علاوہ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے آمدورفت کیلئے جلدازجلد متبادل ایگزٹ راستے کا بندوبست کریں تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایات جاری کی کہ ہسپتال میں غیر ضروری افراد کا داخلہ بند کریں اور غیر قانونی کام کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کریں۔ دوسری جانب انہوں نے درگئی ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ جہاں پر انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف چھاپے میں زخمی لیوی اہلکار کی عیادت کی اور ان کے خاندان کو دلاسہ دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ملاکنڈ لیویز کی جانب سے زخمی ہونے والے لیوی اہلکار کیساتھ ہر قسم کا تعاون یقینی بنائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی و بنیادی سہولیات اور مریضوں کو علاج معالجے کی فراہمی بارے معائنہ کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور مریضوں کو بہتر علاج و سہولیات فراہم کریں۔ دریں اثناء انہوں نے ڈسٹرکٹ سیکرٹریٹ اور تحصیل بٹ خیلہ کا بھی اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے تمام سٹاف کی حاضری چیک کی اور دفاتر میں مامور ہر فرد سے اس کی زمہ داری و زیر التوا دفتری امور میں پیش رفت بارے دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ نے تمام سٹاف کو ہدایات جاری کی کہ دفتری امور میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے، ان کے کاموں میں تاخیر نہ برتی جائے اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔