ایبٹ آباد(مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی زیر صدارت چیف منسٹر خیبر پختونخواہ عوامی ایجنڈے کے حوالے سے ضلعی محکمہ جات کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اے ایبٹ آباد، حویلیاں، لورہ، لوئر تناول، سی اینڈ ڈبلیو، ایجوکیشن، یوتھ افیئرز، سپورٹس، جی ڈی اے اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں عوامی ایجنڈے کے تحت ضلعی محکموں کی کارکردگی اورشہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی ایجنڈا پوائنٹس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی ایجنڈے کا مقصد شہریوں کو درپیش مسائل کا حل اور معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے موثر اقدامات کریں۔