وانا (مانند نیوز) جنوبی وزیرستان کے علاقے لوئر تحصیل برمل، اعظم ورسک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محمد نور نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا، جب کہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ مقتول محمد نور کا تعلق قوم ڈسی خیل، وانا سے بتایا جاتا ہے۔ اہل علاقہ نے اس افسوسناک واقعے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق محمد نور کی چند روز قبل ہی شادی ہوئی تھی، جس کی وجہ سے اس کی موت پر اہل خانہ اور مقامی افراد میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بدامنی کی ایک اور مثال ہے، اور انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔اس المناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اور مقامی افراد نے علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔