کوہاٹ (مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے کوہاٹ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا نے پرکام شروع کردیا ہے اور انشاء اللہ جہاں جہاں بھی کام کی اشد ضرورت ہوگی، ہماری پوری کوشش ہوگی ہے کہ وہاں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال کے ہمراہ اپنے دورہ چورلکی میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر عمائدین علاقہ اور پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔دریں اثناء صوبائی وزیر نے نالج پارک کا بھی دورہ کیا اور اس پر جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو منصوبے کی بروقت تکمیل اور معیاری کام یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ آفتاب عالم نے کہا کہ ماضی کے برعکس اب عوامی مفاد کے فیصلے بند کمروں اور ذاتی پسند و ناپسند کی بجائے عوام کی کھلی عدالت میں ہوں گے اور ہر علاقے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی لائحہ عمل طے کریں گے۔وزیر قانون نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر چیک رکھنے کیلئے مقامی کمیٹیوں کو فعال کردیا گیا ہے اور انہیں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ جہاں کہیں کام میں کوئی کمی یا کرپشن نظر آئے تو فوراً نوٹس میں لایا جائے تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔انہوں نے خبردار کیا کہ کمیشن اور کرپشن کیلئے ہماری طرف سے زیرو ٹالرنس ہے جو بھی اس ملوث پایا گیا اس کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔