پشاور(مانند نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ مسیحی برادری نے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا میں امن، رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مسیحی برادری کی خدمات کا بھرپور اعتراف کرتی ہے۔انہوں نے یہ بات چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو میں منعقدہ کرسمس کی رنگا رنگ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں بشپ ارنسٹ جیکب، مسیحی برادری کی نمایاں شخصیات، اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔صوبائی وزیر خوراک نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی محبت، ہمدردی اور امن کی تعلیمات ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مذاہب اور ثقافتوں کا تنوع ملک کے استحکام کا ضامن ہے، اور اسلام، اقلیتوں کے حقوق کو نہ صرف مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے بلکہ ان کے تحفظ کی ضمانت بھی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دستور میں اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی، اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بشپ ارنسٹ جیکب نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ایک محب وطن پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کو ان کے رنگ، نسل یا عقیدے سے بالاتر ہو کر یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے، جس سے اقلیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کا حوصلہ اور جذبہ ملتا ہے۔مقررین نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے انسانی ہمدردی، محبت اور رواداری کے پیغام پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر ہمیں پاکستان کو مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی مثال بنانے کا عہد کرنا چاہیے۔تقریب کے آخر میں کرسمس کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا، اور پاسٹر فیبلوس اے او جی چرچ نے ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ شرکاء نے چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے منتظمین کو کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے لیے تقریب کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔