بٹگرام (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان کی زیر صدارت آئی ایم یو ہیلتھ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ضلع کے صحت کے نظام اور ہسپتالوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او)، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس)، اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز آئی ایم یو ہیلتھ نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بٹگرام کے تمام ہسپتالوں، بیسک ہیلتھ یونٹس (بی ایچ یوز)، اور دیگر طبی مراکز کی کارکردگی، سہولیات، اور عوامی شکایات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "صحت عامہ کے شعبے میں بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہسپتالوں اور طبی مراکز کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔”انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں شفافیت اور خدمات کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور ڈی ایچ او بٹگرام کو ہسپتالوں کی ضروریات کا فوری جائزہ لینے، وسائل کی منصفانہ تقسیم، اور عملے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں کے مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون کو یقینی بنائیں اور عوام کو صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔