کوہاٹ (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“کے تحت جمعرات کے روز نوجوانوں کیلئے مسلسل تیسری کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس کا مقصد نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جہاں وہ کھل کر اپنے مسائل، تجاویز اور سفارشات ضلعی انتظامیہ کے سامنے پیش کر سکیں اور مقامی سطح پر فیصلہ سازی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ کھلی کچہری میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، او جی ڈی سی ایل، مول پاکستان، کوہاٹ سیمنٹ فیکٹری کے نمائندوں، لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان، طلباء، رضاکاروں، اور نوجوانوں نے شرکت کی۔اس موقع پر نوجوانوں کی گزشتہ کھلی کچہریوں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ان میں پیش کردہ نصف سے زیادہ مسائل پہلے ہی حل ہو چکے ہیں جبکہ مزید مسائل کے حل پر کام جاری ہے جو کہ جلد ہی حل کر دیئے جائیں گے۔نوجوانوں نے تعلیم، ہنر سازی، کیریئر کونسلنگ، کھیلوں کی سہولیات اور سرکاری ملازمتوں میں شفافیت جیسے اہم امور پر اپنی آواز بلند کی۔ ڈپٹی کمشنر نے شرکاء کو یقین دہانی کروائی کہ تمام مسائل پر فوری توجہ دی جائے گی اور متعلقہ محکموں کو موقع پر ہی ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی توانائی، سوچ اور عزم کو شامل کئے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔ ضلعی انتظامیہ نوجوانوں کی ہر ممکن رہنمائی اور مدد کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ہم نے اپنے نوجوان کو زندگی کی ہر شعبہ میں آگے لے کر جانا ہے۔کھلی کچہری کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ ایسے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو مقامی حکومت کے ساتھ مربوط رکھا جا سکے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔