پشاور (مانند نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی آف پشاور کے زیرِ اہتمام انٹرنیشنل پیوٹا ہال میں کتابوں کا سالانہ میلہ (بک فیئر) آج 6 مئی سے شروع ہو رہا ہے، جو تین روز تک جاری رہے گا۔ اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پشاور کے ایک نمائندہ وفد نے گزشتہ روز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم قاضی سے ملاقات کی۔اور بک فیئر میں شرکت کی دعوت دی۔ ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی آف پشاور معاذ شاہ کے مطابق، بک فیئر میں ملک بھر سے 70 سے زائد نامور پبلشرز اور بک اسٹالز شریک ہوں گے،جہاں مختلف موضوعات اور شعبہ جات سے متعلق معیاری کتب نمائش اور فروخت کے لیے دستیاب ہوں گی۔ ترجمان نے بتایا کہ طلبہ و طالبات کو کتابوں پر 50 فیصد تک کی رعایت دی جائے گی۔ترجمان نے مزید کہا کہ اس تین روزہ ایونٹ میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، اساتذہ اور طلبہ کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق، پہلے روز سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان، سراج الحق صاحب خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ دوسرے دن سابق سینیٹر اور جماعت اسلامی کے رہنما، مشتاق احمد خان مہمانِ خصوصی ہوں گے، جبکہ اختتامی دن اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ حسن بلال ہاشمی بطورِ مہمانِ خصوصی شریک ہوں گے۔