پبی (مانند نیوز)تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (TMA) پبی میں ریہڑی بانوں کے حقوق کے لیے آگاہی سیشن اور واک کا انعقادکیا ریہڑی بانوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (TMA) پبی میں ایک اہم آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن میں مختلف دیہاتوں کے چیئرمین، سول سوسائٹی کے نمائندگان، اور مقامی ریہڑی بانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اجلاس کا مقصد ریہڑی بانوں کو درپیش مسائل، جیسے کہ قانونی تحفظ کی عدم موجودگی، استحصال، اور سہولیات تک محدود رسائی، کو اجاگر کرنا تھا۔ شرکاءنے اس بات پر زور دیا کہ ایک جامع قانونی فریم ورک کی فوری ضرورت ہے جو ان محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کرے اور انہیں شہری معیشت کا باقاعدہ حصہ بنائے اس موقع پر پختونخوا سول سوسائٹی نیٹ ورک کے کوآرڈینیٹر، تیمور کمال نے کہا کہ ریہڑی بان ہماری مقامی معیشت کا اہم حصہ ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ان کے ساتھ عزت، قانونی تحفظ، اور معاشی آزادی کے اصولوں کے تحت برتاؤ کریں۔ ان کو شہر سے بے دخل کرنا نہیں بلکہ شہری نظام میں شامل کرنا ہی دیرپا حل ہے نیشنل انفلوئنسرز کے صدر، محمد سلیمان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ذمہ دار حکومت کا فرض ہے کہ وہ تمام شہریوں کے بنیادی حقوق اور معاشی آزادی کا تحفظ کرے۔ ریہڑی بانوں کے لیے قانونی فریم ورک کی عدم موجودگی انہیں غیر یقینی، استحصال، اور ہراسانی کے خطرات سے دوچار کرتی ہے، جسے فوری طور پر دور کیا جانا چاہیے سیشن کے بعد ایک پرامن واک کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں ریہڑی بانوں اور دیگر شرکاءنے بھرپور شرکت کی۔ واک کے دوران شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ریہڑی بانوں کے لیے قانونی تحفظ کے مطالبے درج تھے اس موقع پر تمام شرکاءنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مقامی حکومت، قانون ساز اداروں اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر ایک جامع اور مؤثر قانونی نظام کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے