کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بھارتی جارحیت کے بعد کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلعی سطح پر کئے گئے انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، کوہاٹ پولیس، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، بلدیاتی اداروں، محکمہ خوراک، پیسکو اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کو فوری رسپانس کیلئے تیار رہنے اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈز، ادویات اور دیگر سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے گئے۔ اس موقع پر اشیاء خوردونوش کی بلاتعطل فراہمی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے محکمہ خوراک کو متحرک کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کے دورے کر کے ضروری اشیاء کی مقررہ قیمتوں پروافر مقدارمیں فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے متعلقہ اداروں سے کہا کہ اشیاء خوردونوش کے ذخیرے اور ترسیل کے راستوں کو ہر حال میں کھلا رکھا جائے۔ عوام الناس کو آگاہی دینے کیلئے سول ڈیفنس اور اطلاعات عامہ کے شعبے کو مشترکہ مہم شروع کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کسی بھی صورتحال میں عوام کو بنیادی ضروریات کی اشیاء کی قلت کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں ہوگی۔اجلاس کے اختتام پر تمام محکموں کو اپنی تیاریوں کی رپورٹ مکمل کرکے ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ ضلعی سطح پر ایک جامع اور فعال ایمرجنسی پلان کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔