وانا (مانند نیوز) پاکستان تحریک انصاف جنوبی وزیرستان لوئر کے سینئر رہنما انجینئر لقمان وزیر نے پاک افغان بارڈر پر واقع انگور اڈہ گیٹ پر گزشتہ 19 ماہ سے تجارتی سرگرمیوں کی بندش پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مقامی معیشت کے لیے تباہ کن قرار دیا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر بارڈر گیٹ کھولنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کریں۔انجینئر لقمان نے کہا کہ انگور اڈہ بارڈر جنوبی وزیرستان سمیت قریبی اضلاع ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، شمالی وزیرستان اور بلوچستان کے علاقے ژوب کے عوام کے لیے ایک اہم تجارتی راہداری کی حیثیت رکھتا ہے۔ لیکن بدقسمتی سے گزشتہ 19 مہینوں سے اس گیٹ پر تمام تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں، جس سے نہ صرف مقامی کاروباری طبقہ متاثر ہوا ہے بلکہ علاقائی معیشت بھی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بارڈر بندش کی وجہ سے ہزاروں خاندان معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور یہ صورتحال ایک معاشی قتل عام کے مترادف ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور عسکری حکام کی جانب سے متعدد بار یقین دہانیاں کرائی گئیں کہ بارڈر جلد کھول دیا جائے گا، لیکن تاحال عملی سطح پر کوئی پیش رفت نظر نہیں آئی۔لقمان وزیر نے کہا کہ حکومت کی عدم سنجیدگی نے عوام اور تاجروں کو شدید مایوسی سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے ٹریڈ یونینز سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس اہم مسئلے پر فعال کردار ادا کریں تاکہ تجارتی رکاوٹوں کو ختم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بارڈر بند ہونے کی وجہ سے نہ صرف روزمرہ کی زندگی متاثر ہوئی ہے بلکہ علاقے میں بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ کاروباری سرگرمیوں کی کمی نے مقامی لوگوں کو شدید معاشی بحران میں دھکیل دیا ہے۔آخر میں انجینئر لقمان وزیر نے زور دیا کہ پاک افغان دونوں حکومتیں فوری طور پر مشترکہ لائحہ عمل طے کریں اور انگور اڈہ بارڈر کو تجارت کے لیے بحال کریں۔ اس اقدام سے نہ صرف علاقائی معیشت کو سہارا ملے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے