وانا (مانند نیوز) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا میں گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری انتظامی بحران بالآخر ختم ہو گیا ہے۔ ہسپتال کے عملے اور مرف انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں جمعرات کے روز سے تمام طبی خدمات بحال کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق، ہسپتال کے طبی و غیر طبی عملے کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی تھیں، جس کے سبب عملے نے احتجاج کرتے ہوئے جزوی ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ ہسپتال میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا اور مقامی آبادی طبی سہولیات سے محروم ہو گئی تھی۔صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر امان اللہ وزیر، ویلج کونسل غلجہ کے چیئرمین احمد وزیر، اور چیئرمین کریم اللہ نے اچھی کردار ادا کیا۔ کئی دنوں کے مذاکرات اور مسلسل کوششوں کے بعد بدھ کے روز ایک معاہدہ طے پایا، جس کے تحت مرف انتظامیہ نے تمام واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کروائی اور عملے نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔عوامی حلقوں، سیاسی و سماجی شخصیات نے اس پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت جیسی بنیادی سہولت کی بحالی علاقے کے عوام کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔مقامی شہریوں نے بھی اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے حالات سے بچنے کے لیے مستقل اور مؤثر حکمت عملی مرتب کی جائے، تاکہ صحت کے شعبے میں خلل نہ آئے۔