کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ نمرہ اویس کی زیر صدارت ڈویژنل اسٹیرنگ کمیٹی برائے رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی مانیٹرنگ آفیسر تاشفین اسرار کے علاوہ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن،ڈومسائل برانچ، محکمہ بلدیات اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ ضلعی مانیٹرنگ آفیسر نے اجلاس میں آر ٹی ایس کمیشن کے ذریعے فراہم کی جانے والی خدمات کی جامع رپورٹ، خدمات میں عدم تعمیل، آگاہی مہم اور دیگر اقدامات پر تفصیلی بریفننگ دی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام تحصیل دفاتر عوام کی سہولت کیلئے خدمات کے متعلق تمام تر معاملات کو خصوصی توجہ دیکر تحصیل سطح پر آسانیاں پیدا کریں اور اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ عوام بہتر انداز میں مستفید ہوسکیں۔ اجلاس کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ حکام کو مستقبل میں کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔