کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کرانہیں عمر بھر کی معذری سے بچائیں۔یہ اپیل انہوں نے جمعرات کے روزاپنے دفتر میں 26 مئی سے شروع ہونے والے 5 روزہ انسداد پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکوہاٹ ڈاکٹر زاہداللہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)حامد اقبال، ڈی ایچ او کوہاٹ، ضلعی انتظامیہ، تعلیم، صحت اوردیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ کے انسداد پولیو مہم کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کیلئے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ڈپٹی کمشنر عبدالاکرم نے پچھلی مہم میں کامیابی پر محکمہ صحت، پولیس، ریونیو اور انتظامیہ کے اہل کاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم کے دوران 1 لاکھ 99 ہزار 6 سو 73 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ ہے اور اس کیلئے 1 ہزار 90 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع کوہاٹ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ کوہاٹ کو پولیو فری ضلع بنایا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور ہماری مشترکہ کوششوں سے ہی پولیو کے مہلک مرض کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔