لوئر چترال (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ لوئر چترال لیویز محسن اقبال کی لیویز فورس کے پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر 143 ونگ کمانڈر حسن عباس بن اصغر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ عباس افریدی، اسسٹنٹ کمشنر دروش ڈاکٹر محمد علی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش خلیل اللہ، پولیس کے افسران، لیویز آفسران اور جوان پاک فوج کے آفسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ کمانڈنٹ لیویز فورس کو لیویز فورس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ 123 جوانوں پر مشتمل لوئر چترال لیویز کا بیچ پاس آوٹ ہوا۔ ریکروٹس نے کامیابی سے اپنی ٹریننگ کا دورانیہ مکمل کرنے کے بعد اپنی تمام تر توانائیاں ملک و قوم کی حفاظت و خدمت خلوص نیت سے کرنے، پاکستان اور آئین کا وفادار رہنے، غیر جانب داری سے کارہائے منصبی کی احسن طریقے سے انجام دہی، شہریوں کے وقار و لیویز فورس کے ضابطہ کار پر پابند رہنے کا حلف اٹھایا۔ دوران کورس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس اور انسٹرکٹرز میں آفسران نے انعامات تقسیم کئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آفسران نے تمام پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ پاسنگ آؤٹ کا دن خوشی کا دن ہوتا ہے آپ تمام اہلکار ٹریننگ سکول سے علم و تربیت اور تجربہ حاصل کر کے عوام کی جان و مال کی حفاظت بہتر انداز سے کرینگے، تمام جوان ادارے اور ملک کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کرینگے۔ تقریب کے آخر میں ونگ کمانڈر نے چترال سکاوٹس کی طرف سے ڈپٹی کمشنر کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔