ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر/کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز حامد الرحمٰن نے ضلع ملاکنڈ میں امن و امان کے قیام اور جرائم و منشیات کی روک تھام کے حوالے سے ماہانہ پوسٹ کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، صوبیدار میجر ملاکنڈ لیویز، تمام پوسٹ کمانڈرز، چوکیوں کے انچارجز، انچارجز ٹریفک بٹ خیلہ و درگئی اور ڈی ایس بی اہلکاران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور منشیات کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام پوسٹ کمانڈرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر/کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز نے تمام شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ ضلع ملاکنڈ میں امن و امان برقرار رکھنے، جرائم و منشیات کے خاتمے، تفتیشی نظام کو مزید بہتر بنانے، ٹریفک نظام کی بہتری اور تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں۔