لوئر چترال(مانند نیوز) آپریشن“بُنْیَانٌ مَّرْصُوْص”کی تاریخی فتح پر لوئر چترال میں یومِ تشکر ریلی کا انعقاد۔ افواج پاکستان سے والہانہ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ بھارت کے خلاف آپریشن“بُنْیَانٌ مَّرْصُوْص”میں پاک فضائیہ کی شاندار اور فیصلہ کن کامیابی پر ملک بھر کی طرح ضلع لوئر چترال میں بھی یومِ تشکر منایا گیا۔ اس موقع پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور والہانہ یکجہتی کے اظہار کیلئے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبد السلام نے کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لوئر چترال، سرکاری و سول افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں، طلباء اور عوام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی چترال بازار سے گزری اور قومی جوش و خروش کا عملی مظاہرہ بنی۔ اس میں علاقہ عمائدین، تاجر برادری، میڈیا نمائندگان، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے“پاک فوج زندہ باد”اور“ہماری فوج، ہمارا فخر”جیسے فلک شگاف نعرے لگا کر مادرِ وطن کے محافظوں سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعلان کیا۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان صرف سرحدوں کی نگہبان نہیں بلکہ قومی اتحاد، خودمختاری اور عزت کی علامت ہیں۔ عوام نے ایک بار پھر واضح کر دیا کہ وہ ہر محاذ پر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر قربانی کیلئے تیار ہیں۔