پشاور(مانند نیوز)عابد سرور نے نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس ان جیالوجی پشاور میں اپنی پی ایچ ڈی تھیسس کا کامیابی کے ساتھ دفاع کیا، جو ان کے تعلیمی سفر کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ ان کی تحقیق کی نگرانی ڈاکٹر محمد علی، اسسٹنٹ پروفیسر نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس ان جیالوجی پشاور نے کی، جبکہ ڈاکٹر شاہ رخ نے کو سپروائزر کے طور پر ان کی معاونت حاصل تھی۔ بیرونی امتحانی پینل میں ڈاکٹر سلیم اللہ، ایسوسی ایٹ پروفیسر انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی، اور ڈاکٹر اسد اللہ، ڈائریکٹر سینٹر فار پلانٹ بائوڈائیورسٹی یونیورسٹی آف پشاور شامل تھے۔عابد سرور کی تھیسس کا عنوان "پانجکورا دریا کے بیسن میں سالانہ زمینی کٹاؤ کا تخمینہ اور اس کا زمین کی زرخیزی اور زیر زمین پانی پر اثر” تھا۔ انہوں نے زرعی اور آبی وسائل کے حوالے سے اہم ماحولیاتی مسائل پر تحقیق کی۔ ان کی تحقیق زمین کے کٹاؤ کے اثرات کا جائزہ لیتی ہے جو زمین کی پیداواری صلاحیت اور زیر زمین پانی کے ذخائر پر پڑتے ہیں، جو پائیدار زمین اور پانی کے انتظام کے لیے دو اہم اجزاء ہیں۔ انہوں نے جغرافیائی آلات اور تجرباتی ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے زمین کے کٹاؤ کے قدرتی ماحول اور مقامی کمیونٹیز پر اثرات کے حوالےسے خاص طور پر موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ، اور طویل مدتی ماحولیاتی لچک کے تناظر میں قیمتی ڈیٹا فراہم کیا،پریس ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا کہ عابد سرور کی تحقیق کے نتائج پانی کے تحفظ کی کوششوں اور زمین کے انتظام کی پالیسیوں پر گہرے اثرات مرتب کریں گے اور منصوبہ سازوں اور مقامی کمیونٹیز کو قیمتی قدرتی وسائل کو بچانے اور بحال کرنے کے لیے درست فیصلے کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس اِن جیالوجی پشاور نے عابد سرور کو اس قابل ذکر کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ان کے آئندہ تعلیمی اور پیشہ ورانہ اقدامات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عابد سرور نے اس کامیابی پر اپنے سپروائزرز، بیرونی ممتحن سمیت پوری این سی ایچ جی کمیونٹی کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے اس سفر کو کامیاب بنانے میں انکی مدد کی۔