پشاور(مانند نیوز )اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا کے ناظم اسفندیار عزت نے تخت بھائی،ضلع مردان میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے سینئر ٹیکنیشن محمد ایاز کے گھر جا کر ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی۔اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا کے سیکرٹری جنرل محمد انیس،ناظم مردان ڈویژن صابرخلجی اور مقامی ذمہ داران بھی ناظم صوبہ کے ہمراہ تھی۔اس موقع پر اسفندیار عزت نے شہید کے اہلِ خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے ایسے بہادر سپوتوں پر فخر ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ شہید محمد ایاز کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ اسفندیار عزت نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے حالیہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ وطنِ عزیز کے دفاع میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ شہداء کی قربانیوں سے سبق حاصل کریں اور ملک کی خدمت کو اپنا مقصدِ حیات بنائیں۔