اسلام آباد (مانند نیوز )گورنر خیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی نے پاکستان سویٹ ہوم اسلام آباد میں منعقدہ ”سوشل میڈیا چینج میکرز ایوارڈز” کی تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان سویٹ ہوم کے بانی زمرد خان، سوشل میڈیا انفلونسرز، یتیم بچوں سمیت پاکستان کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان سوشل میڈیا اسٹارز نے شرکت کی۔ گورنر خیبر پختونخوا نے تقریب میں بہترین کل کیلئے اپنی تحاریر اور آواز بلند کرنیوالے نوجوان وی لاگرز، سوشل میڈیا انفلونسرز میں پاکستان سویٹ ہوم کیجانب سے ایوارڈ تقسیم کئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ سوشل میڈیا آج صرف تفریح کا نہیں بلکہ اصلاح، تعلیم، اور مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن چکا ہے۔ یہ تقریب اس عہد کی تجدید ہے کہ ہم اپنی آواز کو خدمت، سچائی اور سماجی بھلائی کے لیے استعمال کریں گے۔ انہوں نے سوشل میڈیاکے انفلونسرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے فالورز کی تعداد جتنی بھی ہو، آپ کی اصل پہچان آپ کا کردار، آپ کا پیغام اور آپ کی نیت ہے،آپ کا ایک مثبت پیغام کسی کی زندگی بدل سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے نوجوان نہ صرف ہنر مند ہیں بلکہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے مثبت سماجی تبدیلی کے علمبردار بن چکے ہیں۔گورنر نے اس موقع پر پاکستان سویٹ ہوم کے سی ای او زمرد خان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یتیم اور بے سہارا بچوں کونہ صرف عزت بلکہ تعلیم اور اعتماد دیاہے۔ یہ بچے پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور ہمیں ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ان کا ساتھ دینا ہو گا۔#