کوہاٹ (مانند نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان نے پیر کے روز صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ کے ہمراہ کوہاٹ کے دور افتادہ علاقے زیارت شیخ اللہ داد میں زیر تعمیر ضمیر گل ڈیم کوہاٹ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں بریفنگ کے دوران انہیں بتایا گیا کہ ضمیر گل ڈیم بمعہ کینالز نیٹ ورک پلہ خوڑ پر تقریباً 135 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے جسے جون 2025 تک مکمل کرکے آبپاشی کیلئے پانی کی فراہمی بھی شروع کردی جائے گی۔اس ڈیم میں 7971 ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے اور 41 کلومیٹر میں سے 27.43 کلومیٹر طویل نہر مکمل ہے جو 3,535 ایکڑ بنجر زمین کو سیراب کرے گا۔ اس کا سپل وے ڈسچارج 34161 کیوسک ہو گا جبکہ آؤٹ لیٹ سٹرکچر ڈسچارج 18کیوسک ہے۔ وزیر آبپاشی نے ڈیم کی تکمیل میں تاخیرپرسخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ڈیم ہذاکو ہر صورت جون 2025 تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی اورواضح کیا کہ جون کے بعد ایک دن کی توسیع بھی قابل قبول نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا غذائی خودکفالت کے حصول کیلئے چھوٹے ڈیموں کے ذریعے صوبے کی لاکھوں ایکڑ بنجر اراضی کو زیر کاشت لانے کا پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ ڈیموں کی تعمیر سے صوبے میں سبز انقلاب آئے گا، ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور عام لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔عاقب اللہ نے کہا کہ پورے صوبے میں ڈیموں پر کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے اور ضروری فنڈز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ قبل ازیں وزیرموصوف نے ڈیم، اس کے سپل وے اور کینال سسٹم پر جاری کام کا معائنہ کیا اور کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر اسے ہر صورت بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ بعد ازاں وزیر آبپاشی نے صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم اور اراکین اسمبلی شفیع جان اور داؤد آفریدی کے ہمراہ تاندہ ڈیم کوہاٹ میں ڈیم ہذا کی رائزنگ کے کام کا بھی معائنہ کیا اور اسے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیر آبپاشی نے نہروں میں نکاسی آب کے کنکشنز کی نشاندہی پرمحکمے کے حکام کویہ کنکشنزہٹانے کیلئے متعلقہ لوگوں کوفوری طورپرنوٹسزجاری کرنے کا حکم دیا اورکہا کہ اگر نوٹس پرعمل نہ کیاگیا توان کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آرزدرج کی جائیں۔تاندہ ڈیم میں بریفنگ کے دوران انہیں بتایا گیا کہ 4 میٹررائزنگ کے ذریعے ڈیم میں پانی ذخیر ہ کرنے کی گنجائش 49000 سے بڑھا کر72000 ایکڑ فٹ کردی گئی ہے جبکہ نہری نظام کی بہتری پر بھی کام جاری ہے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے