لوئر دیر (مانند نیوز)رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین ڈیڈک ضلع لوئر دیر عبیدالرحمن نے کہا ہے کہ غازی عمرا خان ڈگری کالج صدبر کلے میں نئے اور اہم تعمیراتی منصوبے بی ایس بلاک پر تیزی سے تعمیراتی کام جاری ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کالج کی تعلیمی سہولیات کو مزید بہتر بنانے اور طلباء کو جدید ترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کیلئے شروع کیا گیا ہے۔ نیا بی ایس بلاک کالج کے طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا جا رہا ہے۔ اس بلاک میں جدید ترین کلاس رومز، لیبارٹریز اور مطالعہ کیلئے خصوصی کمرے شامل ہوں گے، جو طلباء کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کریں گے۔ ایم پی اے عبید نے کہا کہ تعمیراتی کام کی نگرانی تعمیراتی ماہرین کی ٹیم کر رہی ہے، جو اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ کام وقت پر اور معیار کے مطابق مکمل ہو۔ایم پی اے عبید الرحمن کا کہنا ہے کہ یہ نیا بلاک نہ صرف طلباء کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرے گا بلکہ کالج کی مجموعی تعلیمی معیار کو بھی بلند کرے گا۔ یادرہے کہ اس منصوبے کا افتتاح حال ہی میں ایم پی اے عبید الرحمن اورایم این اے محمد بشیر خان نے کیا تھا۔ یہ منصوبہ ڈراپ ہوا تھا جنکوایم پی اے عبیدالرحمن نیڈراپ سکیم سے نکال کر باقاعدہ انکے لئے فنڈز بھی ریلیز کروا دئیے۔ طلباء نے اس منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نیا بی ایس بلاک ان کیلئے ایک بہترین موقع ہوگا کہ وہ جدید ترین تعلیمی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بلاک ان کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا اور ان کے مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گا۔