لوئر دیر (مانند نیوز)راولپنڈی سے کمراٹ جانے والے سیاحوں سے ایک مقامی شخص نے مسجد کے نام پر چندہ مانگا، انکار پر تلخ کلامی ہوئی اور ذہنی طور پر غیر متوازن شخص نے سیاحوں کی گاڑی کی ہیڈلائٹ کا شیشہ توڑ دیا۔ سیاحوں نے اس واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی، جو وائرل ہوگئی۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر دیر بالا نوید اکبر نے اسسٹنٹ کمشنر شرینگل کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ جس پر دیر بالا پولیس اور دیر لیویز فورس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم محمد اسحاق ولد یوسف (مرحوم) ساکن ریمن کس کلکوٹ کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کیا۔تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔ تاہم، ملزم نے متاثرہ سیاحوں سے معافی مانگی جس پر سیاحوں نے انسانی ہمدردی کے تحت اسے معاف کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر دیر بالا نوید اکبر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ دیر بالا سیاحوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے کمراٹ ایک پر امن سیاحتی مرکز ہے جو ہمیشہ سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے جہاں ملک بھر سے سیاح سکون کی تلاش میں آتے ہیں اور ایسے میں ضلعی انتظامیہ دیر بالا کی جانب سے سیاحوں خصوصاً مقامی لوگوں کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ایسے میں شہر کا امن کسی بھی صورت میں خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔