انگوراڈا (مانند نیوز) پاک افغان سرحد پر واقع انگوراڈا بارڈر کے دونوں جانب آباد احمدزئی وزیر قوم کے چار بڑے قبائل توجئے خیل، گنگی خیل، زلی خیل اور خوجل خیل نے حکومتِ پاکستان اور افغانستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سرحدی آمد و رفت میں آسانی فراہم کی جائے اور پاسپورٹ و ویزا کی شرائط سے استثنیٰ دیا جائے۔ دھرنے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ قبائل صدیوں سے اپنی آبائی زمینوں پر آباد ہیں اور پاک افغان تعلقات کے تناظر میں ایک قدیم ثقافتی اور خاندانی رشتہ رکھتے ہیں، جسے اب بیوروکریٹک رکاوٹوں کے ذریعے زک پہنچائی جا رہی ہے۔ دھرنے کے شرکاء نے سوال اٹھایا کہ جب کئی دہائیوں تک صرف شناختی کارڈ پر آمد و رفت ممکن تھی، اور کوئی مسئلہ پیش نہ آیا، تو اب اچانک ایسی سختیاں کیوں لاگو کی جا رہی ہیں؟ کیا صدیوں سے اس علاقے میں رہائش رکھنا کوئی جرم بن گیا ہے؟ انہوں نے مزید کہا گیا کہ گزشتہ 20 ماہ سے جاری دھرنا کسی ضد یا وقتی جوش کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ ایک شدید مجبوری اور انسانی حقوق کی پامالی کا ردعمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ ہم ان ممالک کی سرحد پر رہتے ہیں جہاں انسانی اقدار کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔ ہم وہاں کے رہائشی ہیں جہاں دونوں ریاستیں انسانی حقوق، تہذیبی روایات اور ثقافتی ورثے کی پاسداری کا دعویٰ کرتی ہیں، مگر عملاً ایسا کچھ نظر نہیں آتا۔ دھرنے کے منتظمین نے مطالبہ کیا کہ احمدزئی قبائل کے لیے ون ڈاکیومنٹ ریجیم (One Document Regime) کا نفاذ کیا جائے، تاکہ شناختی کارڈ، ای-پاس یا آر ایف آئی ڈی کارڈ کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر آمد و رفت ممکن ہو۔ بارڈر پر مقامی باشندوں کے لیے الگ کاؤنٹرز قائم کیے جائیں۔ پاسپورٹ اور ویزا کی شرط ختم کر کے ثقافتی و خاندانی تعلقات کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا گیا کہ اگر 20 ماہ کے پرامن دھرنے کے باوجود ہماری فریاد نہ سنی گئی، تو یہ سوال اٹھے گا کہ آخر ہمارا قصور کیا ہے؟ ہم قانون کے پابند اور پرامن شہری ہیں۔ ہم صرف انصاف، بھائی چارہ اور انسانی ہمدردی کا تقاضا کر رہے ہیں۔ دھرنے کے منتظمین پرامید ہیں کہ دونوں ممالک کے ذمہ داران عقل، قانون اور انسانیت کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے اور اس خطے میں امن، خوشحالی اور بھائی چارے کی فضا کو بحال کریں گے۔