وانا (مانند نیوز ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جنوبی وزیرستان لوئر خانخیل نے آج وانا پریس کلب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی صحافیوں سے ملاقات کی اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔دورے کے دوران ڈی پی او خانخیل نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے پولیس فورس عوامی تعاون سے مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا معاشرتی شعور اجاگر کرنے، مسائل کی نشاندہی اور مثبت بیانیہ تشکیل دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں، جو نہ صرف زمینی حقائق سامنے لاتے ہیں بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر وانا پریس کلب کے صحافیوں نے ڈی پی او کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے پولیس اور میڈیا کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔ صحافیوں نے علاقے میں قیامِ امن کے لیے پولیس کی کوششوں کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔