وانا (مانند نیوز) جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی ہیڈکوارٹر وانا میں متحدہ سیاسی امن پاسون کی جانب سے دیا گیا احتجاجی دھرنا پانچویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔ دھرنے میں مختلف سیاسی جماعتوں، عمائدین اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہیں۔وانا میں جاری دھرنا کوئی معمولی احتجاج نہیں بلکہ یہ جنوبی وزیرستان کے عوام کی کئی دہائیوں پر محیط محرومیوں اور ریاستی پالیسیوں کے خلاف ایک منظم سیاسی ردعمل ہے۔ یہاں نہ صرف بدامنی، بلکہ معاشی استحصال، بارڈر کی بندش اور معدنی وسائل پر غیر مقامی کنٹرول جیسے سنگین مسائل اجاگر کیے جا رہے ہیں۔یہ دھرنا متحدہ سیاسی امن پاسون کی قیادت میں ہو رہا ہے، جو کہ ایک غیر جماعتی پلیٹ فارم ہے، جہاں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے، قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی اور عام عوام شریک ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ احتجاج کسی مخصوص سیاسی مقصد کے بجائے ایک عوامی امنگ اور اجتماعی مطالبات پر مبنی تحریک ہے۔مظاہرین کا بنیادی مطالبہ یہ ہے کہ ریاست جنوبی وزیرستان میں پائیدار امن یقینی بنائے۔ وہ پرتشدد کارروائیوں، جبری گمشدگیوں اور غیر اعلانیہ آپریشنز کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انگوراڈہ پاک افغان سرحدی گیٹ کی بندش سے نہ صرف تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں بلکہ عام لوگوں کی زندگی بھی اجیرن ہو چکی ہے۔ مظاہرین اسے معاشی قتل سے تعبیر کر رہے ہیں۔وزیرستان معدنی دولت سے مالا مال علاقہ ہے، مگر مقامی آبادی کو اس کے ثمرات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ مقامی وسائل پر پہلا حق مقامی افراد کا ہونا چاہیے، اور غیر مقامی کمپنیوں یا طاقتور عناصر کی اجارہ داری ختم کی جائے۔یہ احتجاج صرف جنوبی وزیرستان کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے سابقہ فاٹا اور خیبر پختونخوا کے قبائلی عوام کی محرومیوں، پسماندگی، اور استحصال کی علامت بنتا جا رہا ہے۔ اس لیے اسے نظر انداز کرنا ریاست کے لیے ایک اور بحران کو دعوت دینے کے مترادف ہو سکتا ہے۔احتجاجی دھرنے میں قائدین نے واضح کیا کہ امن ان کا بنیادی حق ہے اور ریاست کو چاہیے کہ وہ اس مطالبے کو سنجیدگی سے لے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا۔