ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر/کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز، حامد الرحمٰن نے ضلع ملاکنڈ میں امن و امان کے قیام اور جرائم و منشیات کی روک تھام کے حوالے سے ماہانہ پوسٹ کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر درگئی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر درگئی، صوبیدار میجر ملاکنڈ لیویز، تمام پوسٹ کمانڈرز، چوکیوں کے انچارجز، ٹریفک انسپکٹر بٹ خیلہ و درگئی و تھانہ اور ڈی ایس بی اہلکاران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور منشیات کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام پوسٹ کمانڈرز کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر/کمانڈنٹ نے تمام شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ ضلع ملاکنڈ میں امن و امان برقرار رکھنے، جرائم و منشیات کے خاتمے، تفتیشی نظام کو مزید بہتر بنانے، ٹریفک نظام کی بہتری اور تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں، قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں اور اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں۔ اجلاس کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیویز افسران، پوسٹ کمانڈرز، چوکیوں کے انچارجز اور اہلکاران کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔