پشاور(مانند نیوز ڈیسک)مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے ہونے والا خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی کورم کی نشاندہی پر ملتوی کر دیا گیا۔کورم کی نشاندہی پی ٹی آئی کے رکن شیر علی آفریدی نے کی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔پیپلز پارٹی کے رکن احمد کنڈی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حلف برداری اسمبلی ایجنڈے میں موجود ہے، حلف برداری آئین کے مطابق ہوتی ہے، اس کا ٹائم فریم دیا ہوتا ہے ۔جس پر اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کی تعداد 25 ہے ، کورم پورا نہیں ہے۔احمد کنڈی نے کہا کہ تلاوت سے پہلے کورم کی نشاندہی نہیں کی جا سکتی۔مسلم لیگ ن کی رکن ثوبیہ شاہد نے کہا کہ تلاوت کے دوران کورم کی نشاندہی نہیں کر سکتے، آپ اسپیکر صاحب صحیح نہیں کر رہے، دو سالوں سے ہمیں حلف لینے نہیں دیا جارہا۔احمد کریم کنڈی نے کہا کہ کورم کی نشاندہی کر لیں، ہم ریکارڈ کا حصہ بنانا چاہتے ہیں کہ آئندہ نسل دیکھے کہ کس کا سیاہ کردار تھا، آئین کے خلاف کام کیا جا رہا۔جس پر اسپکر بابر سلیم سواتی نے جواب دیا کہ کورم کی نشاندہی ہو چکی ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اسمبلی اجلاس بلانے میں ٹال مٹول کی جا رہی تھی۔