وانا (مانند نیوز) جنوبی وزیرستان لوئر وانا رستم بازار کو تاجر برادری نے اعظم ورسک کے کل کے ہونیوالے واقعہ پر احتجاجاً بند کردیا گیا،کاروبار سے وابستہ لوگوں نے وانا بازار میں ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر وانا میں امن کی بحالی کے متعلق نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء نے کہا کہ ملک سردار علی پر مبینہ دہشتگردی کا حملہ قابلِ مذمت ہے اور ان کے تحفظ کے لئے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھانے۔ تاجروں کی اعلان کردہ ریلی بازار کی مین شاہراہ سے ہوتی ہوئی بازار بیچ جلسہ کی شکل اختیار کر گئی، جن سے تاجر برادری کے مقامی رہنماؤں کے علاؤہ بلدیاتی نمائندوں اور سیاسی نمائندوں نے بھی خطاب کیا،مقررین نے کہا،کہ ریاست اپنی رٹ بحال کرنے میں پس و پیش سے کام لے رہی ہے جو ہمیں قبول نہیں۔ ریاست کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہ یہاں کے شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے۔ مقررین نے کہا کہ وزیرستانی پچھلے 22 سالوں سے جنگ کے ماحول میں رہ رہے ہیں اور جنگ کی وجہ سے ہمارے علاقے مکمل طور پر برباد ہوگئے۔ پاک افغان بارڈر انگوراڈہ گیٹ کی طویل بندش کی وجہ سے لوئر وزیرستان کے عوام در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئے ہیں اور تنگدستی کے شکار غریب لوگ دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں۔ انہوں نے ریاست کے ذمہ داران کو مشورہ دیتے ہوئے کہا،کہ موجودہ مسلط کی گئی جنگ فوری طور پر ختم کرادے اور عوام کو پوری سہولیات دینے کے لئے حقیقی اقدامات اٹھائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ریاست امن کی بحالی میں ناکام ہو چکی ہے اور ریاستی اداروں کی یہ ناکامی انتشار کی جانب قدم واضح پیغام ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے قبائلی عوام اور ریاست کے مابین نفرت کا ایسا بیج بویا ہے جس کا ازالہ ناممکن ہے۔مقررین کا کہنا تھا،کہ قبائل ملک کے سپاہی تھے لیکن 22 سالہ جنگ کے بعد ان کی حب الوطنی مکمل طور پر ختم ہوگئی ہے، کیونکہ حکمران اور عسکری قیادت دوسروں کی ایماء پر یہ جنگ لڑی رہی ہیں،انہوں نے دوسروں کی ایماء پر اس سر زمین میں جنگ لڑنے سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا۔