لوئر چترال(مانند نیوز)14 اگست 2025 کو لوئر چترال میں 78 واں یوم آزادی و معرکہ حق نہایت جوش و خروش اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے گڈ گورننس پبلک ایجنڈا کے تحت جشن آزادی و معرکہ حق کے موقع پر مرکزی تقریب ڈی سی آفس میں صبح 8 بجے منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے پرچم کشائی کی اور چترال لیویز کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ تقریب میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور چترال لیویز کے افسران اور لائن ڈپارٹمنٹس کے حکام نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے آبا و اجداد کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر واک کا انعقاد بھی کیا گیا اور پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ اس کے علاوہ گزشتہ رات معرکہ حق و جشنِ آزادی کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کی جانب سے ایک شاندار مشعل بردار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی کا مقصد شہداءِ وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور جشنِ آزادی کی خوشیوں کو منانا تھا۔ یہ ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر گورنر کاٹیج لوئر چترال تک پہنچی۔ اس کی قیادت ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے خود کی۔ ریلی میں تمام انتظامی افسران، لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران، طلباء اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء کے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اور مشعلیں تھیں اور ان کے چہروں پر حب الوطنی کا جذبہ نمایاں تھا۔اس ریلی کے دوران معرکہ حق کے ہیروز کی قربانیوں کو یاد کیا گیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس پُرعزم مظاہرے نے نہ صرف وطن سے والہانہ محبت کا اظہار کیا بلکہ قومی یکجہتی اور بھائی چارے کے جذبات کو بھی فروغ دیا۔